Wednesday, July 18, 2012

رمضان المبارک: کرنے کے کام

بسم اللہ الرحمن الرحیم

السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ؛                                                                                                    
تمام حمد و ثنا اس اللہ تعالیٰ کے لیے جس نے ہمیں اسلام جیسی عظیم نعمت سے سرفراز فرمایا اور درودو سلام ہو، حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی با برکت ہستی پر جنہوں نے ظلم و جہالت کے گھٹا توپ اندھیروں میں ڈوبی دنیا کو نورِ حق سے روشناس کروایا۔
رمضان المبارک۔۔۔ ہمارے اورآپ کے لیے، اپنی انفردی اصلاح کے لحاظ سے بہت اہم ہے۔ چنانچہ گزارشات پیش کرنا چاہتا ہوں۔ اللہ تعالی مجھے اور آپ کو عمل کی توفیق سے نوازے(آمین)۔
تجدید نیت: سب سے پہلا کام یہ ہے کہ اپنی نیت خالص کریں۔ اور اللہ تعالی کے حضور یہ عہد باندھیں کہ صرف رمضان ہی نہیں بلکہ بقیہ سال بھر میں بھی اللہ کی اطاعت سے انحراف نہیں کریں گے۔ رمضان شروع ہونے سے پہلے نیت نہیں کرسکے کوئی بات نہیں، اس وقت ایمان واحتساب کے ساتھ بقیہ دن گزارنے کی نیت کر لینی چاہیے۔
تزکیۂ نفس کا درست اسلوب: تزکیہ ٔ نفس کا صحیح اسلوب وہی ہے جو آں حضرت ﷺ کی سنت کے مطابق ہو۔ کیونکہ دین کی تکمیل ہوچکی ہے اور اتباع سنت نبویﷺ میں تمام تر فلاح پوشید ہ ہے۔
اپنی چارچ شیٹ تیار کیجئے: اللہ تعالیٰ تو بہت علیم وبصیر ہے۔ وہ ہر کھلے اور چھپے راز سے واقف ہے ، تاہم دنیا میں انسان کا سب سے بڑا محرم خودا س کی اپنی ذات ہے۔